bill gates

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (BMGF) کے شریک چیئرمین جناب بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (BMGF) کے شریک چیئرمین جناب بل گیٹس کے درمیان آج ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں پاکستان میں بی ایم جی ایف کے تعاون سے جاری صحت عامہ اور سماجی شعبے کے پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا گیا .

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں پولیو کے خاتمے اور حفاظتی ٹیکوں، غذائیت اور مالیاتی شمولیت کو بہتر بنانے میں بی ایم جی ایف کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی قابل قدر مدد کو سراہا۔ انہوں نے تعاون کے تمام جاری شعبوں میں فاؤنڈیشن کے ساتھ نتیجہ خیز شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی پاکستان کی خواہش کا بھی اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے 2022 میں پاکستان میں پولیو وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد میں حالیہ اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ان کی حکومت ملک سے پولیو کی تمام اقسام کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس سال اب تک پولیو وائرس کے تصدیق شدہ تمام کیسز کا تعلق جنوبی خیبرپختونخواہ (کے پی) سے ہے ؛ حکومت پاکستان جنوبی خیبر پختونخواہ کے لیے خصوصی ایمرجنسی رسپانس پلان نافذ کر رہی ہے تاکہ پولیو کے خاتمے کے پروگرام کی پیمائش اور معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان اس پروگرام کی تمام سطحوں پر کارروائیوں کو مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں اضلاع کو مخصوص ضروریات کی بنیاد پر فیصلے کرنے کے لیے بااختیار بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ پولیو پروگرام کے تمام ممبران خصوصاً فرنٹ لائن ورکرز کو تحفظ فراہم کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہوگی۔

جناب بل گیٹس نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے لیے بی ایم جی فاؤنڈیشن کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا .

علاوہ ازیں بی ایم جی ایف کی جانب سے حکومت پاکستان کے زیرقیادت دیگرمختلف پروگراموں کے لیے تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جن میں غذائی قلت اور سٹنٹنگ (stunting) سے نمٹنے کی حکمت عملی ، ضروری حفاظتی ٹیکوں کی خدمات، مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے (micro payment gateway) RAAST، اور قومی بچت پروگرام کی ڈیجیٹلائزیشن شامل ہیں .

Scroll to Top