اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن نے پنجاب میں قومی اسمبلی کے ایک اور صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں میں ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا۔الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق این اے 157
ملتان، پی پی 139 شیخوپورہ اور پی پی 241 بہاولنگر میں پولنگ 11ستمبر کو ہو گی۔یاد رہے کہ این اے 157 ملتان کی نشست زین قریشی کے استعفے کے باعث خالی ہوئی تھی جبکہ پی پی 139
شیخوپورہ کی نشست جلیل شرقپوری کے استعفے اور پی پی 241 بہاولنگر کی نشست ن لیگی رکن کاشف محمود کی جعلی ڈگری پر نااہل ہونے سے خالی ہوئی ہے۔شیڈول کے مطابق این اے 157 ملتان
کے لیے طیب زوار بخاری، پی پی 139 کے لیے باسل اکرم اور پی پی 241 بہاولنگر کے لیے محمد عرفان ریٹرننگ آفیسر مقرر کیے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار 3 سے 5 اگست
تک کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے جن کی جانچ پڑتال کی آخری تاریخ 11 اگست ہے، 24 اگست تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جا سکیں گے اور 25 اگست کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ ہوں گے۔