پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے سابق حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حوالے سے کہا ہے کہ انوکھے لاڈلے کی چار سالہ پالیسیوں کے باعث آج مہنگائی ہے جبکہ (لاڈلے کو لانے والے) ہماری کب سنتے ہیں جب ضرورت پڑتی ہے تب ہی سنتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی سیاست کمزور کر کے پاکستان بچانے کی کوشش کی، یہ کہنا کہ پنجاب اور گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی ختم ہو گئی ہے سفید جھوٹ ہے، اب پنجاب میں بیٹھوں گا اور سب سے ملکر کام کروں گا۔
آصف علی زرداری نے اشرف بارا کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں بیٹھنا اور کارکنوں کو عزت دینی ہے، کارکنوں کو بحریہ ٹاؤن آنے میں مشکل ہوتی ہے اس لیے گلبرگ شفٹ ہو رہا ہوں۔
سابق صدر نے کہا کہ کون کہتا ہے پیپلزپارٹی کا صفایا ہوگیا، آئندہ انتخابات میں ہم واضح اکثریت کے ساتھ وفاق اور دیگر صوبوں میں حکومت بنائیں گے۔