گزشتہ 20 روز کے دوران بھارت کی جانب سے روسی کوئلے کی خریداری میں 6 گنا اضافہ ہوچکا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روسی تاجروں کی رعایت سے بھارت بھرپور فائدہ اٹھا رہا ہے اور بھارت کی جانب سے روس سے کوئلے اور تیل کی خریداری میں اضافہ ہوگیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 20 روز میں بھارت کی جانب سے روسی کوئلےکی خریداری میں 6 گنا اضافہ ہوا،بھارت نے گزشتہ 20 روز میں 3 ارب ڈالر سے زائد کا روسی کوئلہ خریدا۔
خبرایجنسی کے مطابق بھارت نے گزشتہ 20 روز میں 31 گنا زیادہ روسی تیل خریدا، 20 روز میں بھارت نے 2 ارب ڈالر سےزیادہ کا روسی تیل خریدا۔
رپورٹس کے مطابق روسی تاجر کوئلے اور تیل کی خریداری پر 30 فیصد کی رعایت دے رہے ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق اس حوالے سے بھارتی وزارت تجارت نے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
خیال رہے کہ یوکرین پر حملے کی وجہ سے مغربی ممالک نے روس پر سخت معاشی پابندیاں عائد کی ہوئی ہیں، روس پر پابندیوں کے باوجود بھارت مسلسل روسی کوئلہ اور تیل کی خریداری کررہا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی حکام نے بھارت کو کہا ہے کہ روس سے توانائی کی درآمد پر کوئی پابندی نہیں،امریکی حکام نے بھارت کو صرف یہ کہا ہے کہ روس سے توانائی کی درآمدات میں تیزی نہیں دیکھنا چاہتے۔