لاہور کے علاقے مسلم ٹاون میں معروف کاروباری شخصیت سیٹھ عابد مرحوم کی بیٹی کو گھر میں قتل کردیا گیا۔
ولیس نے جائے وقوعہ سے 3 پستول برآمد کیے ہیں جبکہ قتل کے شبہ میں مقتولہ کے لےپالک بیٹے فہد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر عمارہ شیرازی کی ہدایت پر پولیس تمام پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے جبکہ موقع سے برآمد ہوئے اسلحے کو فرانزک لیب بھجوادیا ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 62 سالہ فرح مظہر کے نام سے ہوئی ہے، مقتولہ کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور 40 سالہ گھریلو ملازمہ رضیہ کو بھی شامل تفتیش کرلیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ فرح کا خاوند مظہر امریکا میں مقیم ہے جبکہ قتل کی گئی خاتون کے 2 بیٹے اور ایک بیٹی تینوں لے پالک ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے مسلم ٹاؤن میں سیٹھ عابد مرحوم کی بیٹی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی جلد گرفتاری اور مقتولہ کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنایا جائے۔
بعد ازاں مسلم ٹاؤن پولیس نے واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے بیٹے فرید احمد کی مدعیت میں درج کرلیا ہے ایف آئی آر کے مطابق اطلاع کنند فرید احمد کے بھائی فہد نے فون پر اطلاع دی کہ والدہ نے فائر مار کر خودکشی کی کوشش کی ہے،والدہ کو علاج معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ پہلے ہی دم توڑ چکی تھیں۔
ایف آئی آر میں بتاگیاہے کہ کمرے سے نہ تو کوئی پستول ملا اور نہ ہی گولی چلنے کا کوئی خول برآمد ہوا ہے،پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔