اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف جوڈیشل کمیشن میں ریفرنس دائر کر دیا ہے۔بابر اعوان کی وساطت سے دائر ریفرنس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیف
الیکشن کمشنر جان بوجھ کر بدانتظامی کر رہے ہیں اور آئینی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا نہیں کر رہے۔
ریفرنس میں مزید کہا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو عہدے سے ہٹایا جائے، گزشتہ ماہ پی
ڈی ایم وفد نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی تھی جس میں چیف الیکشن کمیشن پر ممنوعہ فنڈنگ کا فیصلہ جلد سنانے کے لیے دباؤ ڈالا گیا۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ ملاقات
کے چند روز کے بعد ہی ممنوعہ فنڈنگ کا فیصلہ سنا دیا گیا۔یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے آج اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے خلاف مظاہرے کا اعلان بھی کر رکھا ہے اور اس حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف
عمران خان نے سب سے ایف نائن پارک پہنچنے کی اپیل بھی کی ہے دوسری جانب ایک خبر یہ ہے کہ تحریک انصاف اور الیکشن کمیشن حکام آمنے سامنے آگئے۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں کو الیکشن کمیشن میں داخل نہ ہونے دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن میں
اجلاس ہوا ۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے الیکشن کمیشن کی سیکیورٹی صورتحال پر حکام کو آگاہ کیا اور کہا کہ کسی کو الیکشن کمیشن میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو بھی الیکشن کمیشن میں داخل نہ ہونے دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ واضح ہے کہ تحریک انصاف نے آج اسلام آباد،لاہور اور پشاور میں ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کیخلاف احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے ۔تحریک انصاف پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی سے منظور قرارداد
کمیشن کے دفتر لے کر جائیں گے۔ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کی تیاری مکمل کر لی، جبکہ پارٹی رہنماؤں کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ آج تمام لوگوں سے شام 6 بجے ایف 9 پارک اسلام آباد میں پرامن احتجاج کی اپیل کرتاہوں۔ شام ساڑھے 7 بجے کے درمیان لوگوں سے مخاطب ہوں گا۔ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے خلاف پرامن احتجاج کیلئے لوگ گھروں سے نکلیں۔ سی ای سی اور ای سی پی نے امپورٹڈ حکومت کے ساتھ مل کر پی ٹی آئی کے خلاف ٹیکنیکل ناک آؤٹ کی سازش کی۔پنجاب کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کو پوری ریاستی مشینری اور ای سی پی کی حمایت کے باوجود شکست دی گئی۔ ادھر اسلام آباد میں ریڈ زون کو سیل کردیا گیا۔ سکیورٹی کے پیش نظر ریڈ زون میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ریڈ زون میں کسی بھی قسم کے احتجاج یا اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی۔ ریڈ زون میں داخلے کے لیے صرف مارگلہ روڈ کھلا رہے گا۔