دبئی : ایشیاء کپ میں پاکستان اور بھارت کے مابین ٹاکرا آج ہوگا ، روایتی حریف آج شام ایک دوسرے کے مقابل میدان میں اتریں گے ۔ شائقین کرکٹ پاک بھارت مقابلہ دیکھنے کو بے تاب ہیں ، آج کے ٹاکرے کا اس لئے بھی بے صبری سے انتظار ہے کہ گزشتہ برس
ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے عبرتناک شکست دی تھی جس کے بعد سے دونوں ٹیمیں مقابل نہیں ہوئیں اور یہ حساب چکتا کرنے کیلئے بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما پر بہت زیادہ پریشر ہے جبکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم روایتی حریف پر برتری کو برقرار رکھ کر نفسیاتی دباؤ بھی ڈالنا چاہتے ہیں ۔ پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی سکواڈ کا حصہ
نہیں جبکہ حسن علی اور وسیم جونیئر پلئینگ الیون میں شامل نہیں ۔ باؤلنگ اٹیک کیلئے حارث رؤف ، نسیم شاہ سے امیدیں ہیں جبکہ محمد حسنین اور شاہنواز دھانی میں سے کسی ایک یا شائد دونوں کو موقع دیا جائے گا۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے آج
بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر بھارتی ٹیم کیخلاف میدان میں اترے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم نے پریس کانفرنس کے دوران ملک میں جاری سیلابی صورتحال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کی امداد کا اعلان کیا تھا اور لوگوں سے بھی سیلاب متاثرین کی امداد کی اپیل کی تھی۔