پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتیں عوام کی نمائندگی کرتی ہیں، غیر منتخب ادارے لوگوں کی نمائندگی نہیں کرتے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا الیکشن کمیشن کے فیصلے بند کمروں میں ہوتے ہیں، عوام کے پیسے لگوا کر کہتے ہیں اب الیکشن نہیں ہوں گے، الیکشن کمیشن نے 2 دن قبل کہہ دیا تھا کہ اب الیکشن نہیں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا الیکشن کمیشن میں انتظامی بحران ہے، یہ بحران چیف الیکشن کمشنر اور ان کی ٹیم کی نالائقی کی وجہ سے ہے، ہم نے سپریم جوڈیشل کونسل میں ممبر ای سی پی کے خلاف ریفرنس دائر کیا ہوا ہے لیکن ابھی تک ہمارا ریفرنس سنا ہی نہیں گیا۔
وزیراعظم کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا شہباز شریف نے جس دن حلف اٹھانا تھا اسی دن ان پر فرد جرم لگنی تھی، انصاف ہوتے ہوئے نظر بھی آنا چاہیے، ہم کچھ کہتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ توہین ہو گئی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا ملک کے اداروں کے ساتھ ایک پیج پر رہنا چاہتے ہیں، سیاسی جماعتیں لوگوں کی مرضی کی نمائندگی کرتی ہیں، غیر منتخب ادارے لوگوں کی نمائندگی نہیں کرتے، ادارے ایک پیج پر نہ ہوں تو ملک نہیں چل سکتا، فیصلے بند کمروں میں نہیں ہونے چاہئیں، فیصلے کرنے کا حق عوام کو ہونا چاہیے۔