اسلام آباد: ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کے خلاف پرویز الہی کی درخواست پر سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے، عدالت عظمیٰ آج شام تاریخ ساز فیصلہ سنائے گی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم
کورٹ میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کیخلاف پرویزالٰہی درخواستوں پرسماعت ہوئی، چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔ فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد
عدالت عظمیٰ نے ملکی تاریخ کے اہم ترین کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا، جسے آج شام پونے چھ بجے سنایا جائے گا۔ اہم ترین کیس میں ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے وکیل عرفان قادر، پیپلزپارٹی سے فاروق ایچ نائیک، درخواست
گزار پرویز الہیٰ کی طرف سے بیرسٹر علی ظفر اورحمزہ شہباز کی جانب سے وکیل منصور اعوان نے دلائل دئیے،عدالت عظمیٰ نے مسلسل تین روز تک سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔ ملکی سیاسی تاریخ کے اہم ترین
کیس کا فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ سپریم کورٹ نے تمام وکلا کو تفصیل سے سنا، منصور اعوان نے بہت اچھے طریقے سے عدالت کی معاونت کی، عدالت کچھ دیر کے بعد دوبارہ واپس آئے گی اور فیصلہ سنائے گی۔