متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے گروپ اے کے ناک آؤٹ میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 155 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
پاکستان کے 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کا کوئی بھی بیٹر قومی فاسٹ بولرز کا سامنا نہ کرسکا۔پوری ٹیم صرف 38 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔یوں پاکستانی ٹیم نے 155 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
واضح رہے کہ یہ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی کامیابی ہے جبکہ مجموعی طور پر کسی بھی ٹیم کی جیت کا نواں بڑا مارجن ہے۔اس سے قبل قومی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے ہرایا تھا۔
ہانگ کانگ کے خلاف پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 4،محمد نواز نے 3 اور نسیم شاہ نے 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔
ہانگ کا نگ کا کوئی بھی بیٹر ڈبل فیگرمیں داخل نہ ہوسکا۔ کپتان نزاکت خان 8 رنز بناکر نمایاں رہے۔
شارجہ میں کھیلےگئے میچ میں ہانگ کانگ کے کپتان نزاکت خان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے ، محمد رضوان 78 رنز بناکر نمایاں رہے۔قومی ٹیم نے آخری اوور میں خوشدل کے 4 چھکوں کی بدولت 29 رنز اسکور کیے۔